خارجہ پالیسی اہم ہے ، سینیٹ گائیڈ لائن تیار کرے : وزیراعظم
اسلام آباد(نامہ نگار)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ خارجہ پالیسی اہم معاملہ ہے، ایوان بالااس پر اپنی گائیڈ لائنز تیار کر ے،پی ٹی وی کی طرف سے سینیٹ کی بحث کو براہ راستنشر نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کرتا ہوں ،سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی ٹی وی کی طرف سے سینیٹ کی بحث کو براہ راست نشر نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کرتا ہوں ،واضح طور پر ہدایت کر رکھی ہے کہ پارلیمنٹ کی کارروائی کو براہ راست نشر کریںنشر نہ ہونے پر مجھے افسوس ہے۔انہوں نے کہا کہ خارجہ پالیسی اہم معاملہ ہے ایوان بالا اس پر اپنی گائیڈ لائنز تیار کر لے ان گائیڈ لائنز کو قومی اسمبلی میں بھی پیش کیا جا سکتا ہے اور اگر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہوا تو وہاں پر بھی زیر بحث لایا جاسکتا ہے ۔جمعرات کو سینیٹ کے اجلاس میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی موجودگی میں چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان بارے بیان پر سینیٹ میں چار گھنٹے تک بحث ہوئی پوری قوم اس حوالے سے حساس تھی اور جاننا چاہتی تھی لیکن بد قسمتی سے پی ٹی وی نے اس بحث کو براہ راست نشر نہیں کیا اہم معاملے پر سینیٹ کی بحث تھی مناسب ہوتا اگر پی ٹی وی اس کو براہ راست نشر کرتا عوام کو بھی علم ہوتا کہ پارلیمنٹ میں ان کے جذبات کی ترجمانی کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے اجلاس کو آئندہ ہفتے بھی جاری رکھنا چاہتے ہیں تاکہ سینیٹ کی کمیٹی آن ہول کی طرف سے بنائی گئی کمیٹی خارجہ پالیسی کے حوالے سے اپنی گائیڈ لائنز حکومت کے حوالے کردے ۔انہوں نے تجویز دی کہ ان گائیڈ لائنز کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ان گائیڈ لائنز کو پیش کریں اگر کوئی ترامیم آئیں تو ان کو شامل کرلیں ورنہ ان گائیڈ لائنز کو منظور کر لیا جائے ۔ہماری طرف سے متفقہ گائیڈ لائینز دی جائیں گی۔