طا لبا ن جنگ جیت نہیں سکتے، امن عمل کا حصہ بن جائیں: امریکی کمانڈر
کابل (آئی این پی) افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل جان نکلسن نے کہاہے کہ طالبان امریکہ سے جنگ نہیں جیت سکتے اس لئے انہیں چاہیے کہ وہ امن عمل کا حصہ بن جائیں، ٹرمپ حکومت کی افغانستان سے متعلق نئی پالیسی یہ ظاہر کرتی ہے کہ امریکہ خطے میں طویل عرصے تک سرگرم رہے گا۔ کابل میں گفتگو کرتے ہوئے جنرل جان نکلسن کا کہنا تھا کہ ہم افغانستان میں ناکام نہیں ہوں گے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی افغان پالیسی بھی امریکا کی طویل المدتی جنگ کی عکاس ہے۔ طالبان ایک جرائم پیشہ گروہ بن چکا ہے۔ یہ خوش آئند ہے کہ فوج پر افغانستان مشن کو ختم کرنے کے لئے کوئی حتمی ڈیڈ لائن نہیں دی گئی۔ جنرل نکلسن کا کہنا تھا کہ امریکی اور نیٹو ایڈوائزرز کی جانب سے افغان ایئرفورس اور سپیشل فورس کی تربیت کے لئے مختلف پروگرامز کو بڑھایا جائے گا اور مقامی فورسز کو ہر اعتبار سے منظم کیا جائے گا۔