شریفوں کے پاس تحقیقات کیلئے مرضی کا طریقہ منتخب کرنیکا کوئی اختیار نہیں : عمران
اسلام آباد( اپنے سٹاف رپورٹر سے) تحریک انصاف نے انتہائی محنت سے "پاناما کیس" کی پیروی کی۔اب سندھ کے حالات میں بہتری کے لئے محنت کرنا ہوگی۔ یہ بات چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں کہی۔ بعد ازاں چیئرمین تحریک انصاف نے سماجی رابطےکی ویب سائیٹ پر اپنے ایک پیغام میںنیب کے شریف خاندان کیساتھ ہمدردانہ سلوک پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ روزاول سے میں یہ اہم نکتہ اٹھا رہا ہوں کہ نون لیگی وزیر کیسے یہ دعویٰ کرسکتے ہیں کہ شریف نیب میں پیش نہیں ہوں گے۔کون سا قانون انہیں اس من مانی اور خود سر رویے کی اجازت دیتا ہے؟ عمران خان نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ شریفوں کے پاس ایسا کوئی اختیار نہیں کہ وہ تحقیقات کیلئے خود اپنے لئے اپنی مرضی کا طریقہ منتخب کریں۔کیا شریف بھول چکے ہیں کہ وہ ملزم ہیں۔اپنے فیصلے پر نظر ثانی کا اختیار سپریم کورٹ کو حاصل ہے۔نون لیگ کو عدالتی حکمنامے پر نظر ثانی کا اختیار کس نے دیا۔سپریم کورٹ نے تو نظرثانی کیلئے کوئی تاریخ مقرر نہیں کی۔سپریم کورٹ کا نظرثانی کی اپیل سماعت کیلئے مقرر نہ کرنا حقیقت میں حکم امتناع دینے سے انکار ہے۔نیب کے پاس اپنے دوہرے معیار اور دوغلے پن کا کیا جواز ہے۔ عمران خان نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ کیا نیب کرپشن، منی لانڈرنگ، اثاثے چھپانے، ٹیکس چوری جیسے جرائم میں ملوث افراد سے ایسا برتاو¿ ہی کرتی ہے جیسے وہ شریفوں سے پیش آرہی ہے۔فیصل آباد کے صنعتکاروں کے وفد نے ظفر اقبال سرور کی سربراہی میں تحریک انصاف کی قیادت سے ملاقات کی وفدنے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی صنعت و پیداوار اسد عمر ، جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کو ملک کی صنعت و پیداوار کے حوالے سے بریفنگ دی۔ عمران خان نے کہا کہ وفد کے تحریک انصاف پر اعتماد کے لیئے شکرگزار ہیںوفد کے بیان کیئے گئے مسائل پہلے ہی تحریک انصاف کے علم میں ہیں تحریک انصاف ان تمام مسائل کی ہر سیاسی پلیٹ فارم پر بار بار نشاندہی کرتی رہے گی عمران خان نے مزید کہا کہ تحریک انصاف اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ ہماری معیشت بین الاقوامی مدد پر انحصار کر کے کبھی بہتر نہین ہو سکتی ہمیں خود انحصاری کو براوئے کار لاتے ہوئے برآمدات میں صف اول کے ممالک میں شامل ہونا ہے۔