ہائیر ایجوکیشن آرڈیننس میں ترمیم کیلئے وزارت تعلیم تجاویز دے، چیئرمین سینیٹ کمیٹی
اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی)سینیٹ فنکشنل کمیٹی برائے منتقلی اختیارات کے چیئرمین سینیٹر میر کبیر احمد محمد شہی نے ہدایت دی کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن آرڈنینس میں ترمیم کیلئے وزارت تعلیم جلد تجاویز دے آئندہ اجلاس میں تجاویز لازمی دی جائیں ۔ اور کہا کہ وزارت تعلیم کی تجاویز 18 ویں ترمیم کے تناظر میں ہونی چاہیں۔ اجلاس میں 18 ویں ترمیم کی روشنی میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن آرڈنینس زیر بحث آیا ۔سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ 18 ویں ترمیم پر من وعن عمل کی ضرورت ہے ۔ آئین میں حصہ دوئم مکمل واضح ہے۔ سینیٹر عثمان خان کاکٹر نے کہا کہ صوبائی خود مختاری کو نہیں مانا جارہا ۔سینیٹر سیف اللہ مگسی نے کہاکہ پارلیمانی کمیٹی تفصیل سے معاملہ زیر بحث لائے ۔وزارت حکام نے آگاہ کیا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں ذیلی کمیٹی کی رپورٹ زیر بحث آئے گی ۔ چیئرمین ایچ ای سی نے کہا کہ پارلیمنٹ کے فیصلے کے تابع ہیں ۔ پالیسی کی تبدیلی پر اعتراض نہیں۔