پی آئی اے کا نجف کیلئے ہفتہ وار تین پروازیں شروع کرنیکا اعلان
کراچی (این این آئی) پی آئی اے نے عراق کے شہر نجف کے لئے پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔ پی آئی اے پہلی پاکستانی ائر لائن ہے جو کراچی سے نجف کے لئے ابتدائی طور پر ہفتہ وار تین پروازیں 14 ستمبر سے شروع کررہی ہے۔ اس سلسلے میںپی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نیئر حیات کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میںاس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ آج 23 اگست سے ان پروازوں کی بکنگ شروع کر دی گئی ہے ۔ ان پروازوں پر دوسرے شہروں سے سفر کرنے والے مسافروں کا سامان اور بورڈنگ کارڈ وہیں سے ہی جاری کر دیئے جائیں گے اور ان کا سامان سفر کے اختتام پر ان کو فراہم کیا جائے گا ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نیئر حیات نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان نئی پروازوں سے کراچی کے علاوہ دوسرے شہروں سے نجف کے لئے سفر کرنے والے مسافروں کو سفری سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری رابطہ پروازیں بھی فراہم کی جا رہی ہیں تا کہ ان کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔