سندھ پولیس نے ہر محاذ پر قربانیاں دی ہیں‘ سہیل انور سیال
کراچی (کرائم رپورٹر) صوبائی وزیر داخلہ سندھ سہیل انور خان سیال نے سندھ پولیس کی 95 ویں پاسنگ آئوٹ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جس میں صوبائی وزیر داخلہ سندھ کے ہمراہ ایڈیشنل آئی جی سندھ‘ ڈی آئی جی ٹریننگ سندھ پولیس اور سندھ پولیس کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر داخلہ نے کہاکہ سندھ پولیس میں مزید تازہ اور جوان دستوں کا اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ کئی برسوں سے سندھ پولیس نے ہر محاذ پر بے شمار قربانیاں دی ہیں اور باوجود محدود وسائل کے جوانوں نے بہادری اور جواں مردی کی شاندار مثالیں قائم کی ہیں سہیل انور خان سیال نے کہاکہ سندھ پولیس کا مجموعی معیار ماضی کے مقابلے میں کہیں گنا بہتر ہے اور چاہے افرادی قوت کی بات ہو‘ جدید اسلحے یا ٹیکنالوجی کا استعمال ہو سندھ پولیس فورس دوسروں سے ہر لحاظ سے مختلف اور منفرد نظر آتی ہے اور انہوں نے مزید کہاکہ ترقی کا دن بدن بڑھتا یہ سفر ان کی زیرک و مدبرانہ سیاسی قیادت کا وہ وژن ہے کہ جو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا دیرینہ خواب تھاسہیل انور خان سیال نے کہاکہ انہیں فخر ہے وہ ایسے جمہوری کارواں کے رکن اور سپاہی ہیں کہ جس نے اس ملک میں عوام کی حکمرانی زندہ رکھنے کے لئے بڑی قربانیاں دیں اور آج انہی قربانیوں کا ثمر ہے کہ ہزارہا سازشوں کے بعد چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی صورت جمہوریت زندہ ہے اور سابق صدر پاکستان آصف علی زردای کی سیاسی بصیرت کا یہ فیضان ہے کہ عوام آذاد فضائوں میں سانس لے رہے ہیں۔