اقلیتو ں سے متعلق قوا نین میں ترا میم کی ضرورت ہے‘ ریحا نہ لغا ری
کراچی( لیڈی رپورٹر)وزیراعلی سندھ کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و خصوصی تعلیم ریحانہ لغاری نے کہا ہے کہ اقلیتی برادری سے متعلق قوانین میں دورحاضر کے اعتبار سے ترامیم کرنے کی اشد ضرورت ہے اور سندھ حکومت اقلیتی برادری کے تعاون سے ان کے حقوق کے تحفظ سے متعلق قوانین میں ترامیم کرنے کے لیے کام کررہی ہے،نوکریوں میں اقلیتی برادری سمیت خواتین اور معذورافراد کا کوٹہ بڑھا دیا گیا ہے اور شادی سمیت زندگی گزارنے کے دیگرقوانین پر بھی مشاورت جاری ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے مسیح برادری کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم پیس ویلفیئر اینڈڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن کے وفد سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں تنظیم کے صدرڈاکٹر صابر مائیکل،روز مہتانی،آصف عقیل، اوردیگرموجود تھے۔شرکاء نے اقلیتی برادری باالخصوص مسیح برادری کو شادی،نوکری،تعلیمی اداروں میں داخلے اور دیگرمسائل پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایاکہ مسیح برادری کے طلاق کا قانون 1869ایکٹ کے تحت چلایا جارہا ہے جو انگریزوں کے دور کا ہے ،اس قانون کے نکات دورحاضر کے ماحول سے بہت مختلف ہیں،اس لیے اس قانون میں ترمیم کرنے کی ضرورت ہے۔ریحانہ لغاری نے وفد کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ نوکریوں کے کوٹہ سختی سے عمل کیا جائے گا اور اقلیتی برادری کے قوانین میں ترمیم بھی کی جائیں گی۔