عوام کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے‘ شبیر قائمخانی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی میڈیکل ایڈ کمیٹی کے زیراہتمام سرفراز رفیقی شہید اسپتال کے مقامی ہال میں تقریب منعقد ہوئی جس سے ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن شبیر احمد قائم خانی ‘ میڈیکل ایڈ کمیٹی کے انچارج خالد خان‘میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عرفان احمد رضوی ‘ اسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ندیم احمد نے خطاب کیا جبکہ تقریب میں مرکزی میڈیکل ایڈ کمیٹی کے اراکین ‘ ڈاکٹروں‘ پیرا میڈیکل اسٹاف اور نرسیزبھی بڑی تعداد میںموجود تھیں ۔ اس سے قبل شبیر احمد قائم خانی نے اسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور مریضوں کی خیریت بھی دریافت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شبیر احمد قائم خانی نے کہاکہ ایم کیو ایم پاکستان عوام کو علاج و معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کا عزم رکھتی ہے اور اس کو مکمل کرنے کیلئے ہرممکن کوشش کی جائے گی ‘ سرفراز رفیقی اسپتال کے درجے کو بڑھانے کیلئے بھی ضروری قانونی کاروائی مکمل کی جائے گی اس مقصد کے حصول کیلئے نجی شعبے کو بھی آگے آنا ہوگا جو اس ضمن میں مقامی حکومتوں کا ہاتھ بٹائے ۔ انہوں نے کہاکہ عوام میں اس شعور کی بیداری بھی ضروری ہے کہ علاج سے بہتر احتیاط ہے اس سے عوام اور حکومت پر دونوں پر بوجھ کم ہوتا ہے اور یہ عمل ایک صحتمند معاشرہ کی تشکیل میں معاون اور مدد گار ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ میئر کراچی وسیم اختر اور ڈپٹی میئر ارشد وہرا سمیت حق پرست بلدیاتی نمائندے بھی شعبہ طب کی فعالیت اور مریضوں کو جدید تقاضوں کے مطابق علاج و مطالجہ کی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔