پاکستان بھارت تجارت میں 2 فیصد سے زائد اضافہ، حجم 13 کروڑ 6 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان اور بھارت کے درمیان سفارتی تعلقات میں بہتری تو نہیں آسکی لیکن دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے حجم میں ضرور بہتری آئی ہے۔ رواں مالی سال جولائی میں دو طرفہ تجارت میں 2فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ میڈیا رپور ٹ کے مطابق نئے مالی سالکے پہلے ماہ جولائی کے دوران دونوں ممالک میں باہمی تجارت کا مجموعی حجم 13کروڑچھ لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا جو گزشتہ سال کے ایسی عرصے کی نسبت2.3فیصد زائد ہے۔ رپورٹ کے مطابق باہمی تجارت میں اضافے کا زیادہ فائدہ بھارت کو ہوا کیونکہ اضافہ صرف بھارت سے پاکستان درآمد کی جانے والی اشیاءمیں ہوا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق جولائی کے دوران بھارت سے 10 کروڑ 87 لاکھ ڈالر مالیت کی اشیا درآمد ہوئیں جو پہلے سے 41 فیصد زیادہ ہیں۔ اس کے مقابلے میں بھارت کے لئے پاکستانی برآمدات کا حجم محض 2 کروڑ 29 لاکھ ڈالر رہا جو پہلے کی نسبت 22فیصد کم ہے۔