امریکی امداد منہ پر ماری جائے‘ ملکی مفاد میں پالیسی بنانی چاہیے: سراج الحق
اسلام آباد(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ٹرمپ کی پاکستان کو دھمکیاں چار سال کی خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے ۔ ٹرمپ نے مودی کو خوش کرنے کیلئے پاکستان کو دھمکیاں دیں اور اعلان جنگ کیا ۔ پریس کانفرنس میں سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے انہوںنے کہا ڈالروں کیلئے پالیسی نہ بنا ئی جائے بلکہ ملکی مفاد کیلئے پالیسی بنائی جائے ٹرمپ کی پاکستان کو دھمکیاں سو فیصد خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے ۔ نوازشریف کو ہم کہتے تھے ایک مستقل وزیر خارجہ بنایا جائے مگر انہوںنے چار سال میں وزیر نہیں بنایا ۔ امریکہ کا ساتھ دینے کے باوجود امریکہ نے آج مودی کو خوش کرنے کیلئے صلاح الدین اور تحریک آزادی کشمیر کو دہشتگرد قرار دے دیا ہے ۔ ٹرمپ کے بیان پر قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس بلایا جائے اس رزق سے موت اچھی جس سے غلامی اور بے عزتی ہو ہم دوبارہ امریکہ کی غلامی میں نہیں جانا چاہتے امریکہ کی امداد ان کے منہ پر ماری جائے اور وہ پالیسی بنائی جائے جو پاکستان کے مفاد میں ہے۔پاکستان کی فوج اور عوام نے دہشتگردی کے خلاف ہزاروں قربانیاں دی ہیں جس کی وجہ سے پاکستان میں امن آیا ۔ امریکہ پاکستان میں دوبارہ دھماکے کرانا چاہتا ہے ۔ پاکستانی آزاد قوم ہیں نہ کسی سے ڈریں گے نہ جھکیں گے ۔ حکمرانوں کو پاکستان کے مفاد میں پالیسیاں بنانی چاہیے کوئی ناراض ہوتا ہے تو ہو جائے کیونکہ گیدڑ کی سوسالہ زندگی سے بہتر شیر کی ایک دن کی زندگی ہے ۔ جے آئی یوتھ انٹراپارٹی الیکشن کے بعدمنتخب ہونے والے نمائندوں کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا 23مارچ 2018یوم پاکستان کے موقع پر ایک لاکھ 22ہزار منتخب نوجوانوں کو مینار پاکستان میں اکٹھا کریں گے ، قائداعظم کے ویژن کے مطابق اسلامی وخوشحال پاکستان کی بنیاد رکھیں گے پاکستان جاگیر دار اور جنرلوں کی جاگیرنہیں ، 2018جنرل الیکشن میں جماعت اسلامی 50فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دے گی تاکہ اسمبلی میں سوچ اور فکر جوان ہو ،جماعت اسلامی نوجوانوں کے ہاتھ میں قلم ، کتاب اور ان کو والدین کا فرمانبردار بنائے گی ،نوجوانوں کو سیاسی جماعتوں کا ایندھن نہیں پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے استعمال کریں گے ۔ انہوںنے کہا جے آئی یوتھ انٹراپارٹی الیکشن کے ذریعے نوجوانوں کو ملک کی ترقی کیلئے آگے لے کر آئیں ۔ نوجوانوں کو سیاسی ایندھن بنانے کے بجائے ان کی اخلاقی اور نظریاتی تربیت کریں گے موجودہ نظام میں صرف خان ،نواب اور جاگیر دار کا بیٹا ہی اسمبلی میں آسکتا ہے غریب کیلئے اسمبلی میں کوئی جگہ نہیں۔ پاکستان کا مستقبل نوجوان ہیںیہ قومی سرمایہ اور نوجوانوں کی شمولیت سے ملک اسلامی وخوشحال پاکستان بنے گا۔ ابتدائی مرحلے میں پنجاب کے 4015یونین کونسلوں اور 3596وارڈز میں جے آئی یوتھ کے انٹراپارٹی الیکشن ہورہے ہیں اور 40لاکھ نوجوان ایک لاکھ بائیس ہزار نوجوانوں کومنتخب کریں گے پہلے مرحلے میں نولاکھ 70ہزار نوجوانوں نے ووٹ کا حق استعمال کرتے ہوئے 10ہزار 92امیدواروں کا انتخاب کیاہے ۔ سوالوں کے جواب میں سراج الحق نے کہا انٹراپارٹی الیکشن اب تک کسی بھی جماعت نے نہیں کرائے پہلے مرحلے میں نوجوانوں میں جماعت اسلامی نے الیکشن کرائے اس کی کامیابی کے بعد خواتین کے اندر بھی انٹراپارٹی الیکشن کرائے جائیں گے ۔ جماعت اسلامی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 1میں جے آئی یوتھ کے صدر کو امیدوار بنائے گی۔ مزید براں پشاور موڑ اتوار بازار کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا پشاور موڑ اتوار بازار میں آگ سے جل جانے والے سٹال ہولڈرز کو عید سے قبل معاوضہ دیا جائے اور حادثہ کی فوراً انکوائری کی جائے آگ تخریب کاری تھی یا حادثہ، فائر بریگیڈ کی نااہلی کی وجہ سے نقصان زیادہ ہوا ہے، وفاقی دارالحکومت میں یہ حال ہے تو ملک کے دوسرے حصوں کے بارے میں ہمیں تشویش ہے۔
سراج الحق