سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے قیام کو سال گزر گیا‘ دفتر کیلئے جگہ ملی نہ فنڈز
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) حکومت سندھ نے پاکستان میڈیکل ایسو سی ایشن کے تعاون سے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی بنیاد رکھی اور کمیشن کے چیئرمین ‘ سی ای او‘ ڈائریکٹرز اور عملے کی تقرریوں کو ایک سال سے زائد کا عرصہ گزرچکا ہے لیکن تاحال نہ تو دفتر کی مناسب جگہ دی گئی اور نہ ہی ہیلتھ کیئر کمیشن کیلئے مختص فنڈز جاری کئے گئے اس بات کا اظہار پی ایم اے کراچی کے صدر ڈاکٹر شوکت ملک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا‘ انہوں نے کہاکہ یہ صورتحال بہت افسوسناک ہے جس سے حکومت کی عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں اور ہیلتھ کیئر کمیشن کو فعال کرنے میں عدم دلچسپی ظاہر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کمیشن مناسب فورم ہے جس سے عطائیت‘ مریضوں کے حقوق‘ ڈاکٹروں کے حقوق وغیرہ جیسے اہم مسائل کا سدباب کیا جا سکتا ہے ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ایم اے سینٹر کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر ایس ایم قیصر سجاد ‘ جنرل سیکرٹری پی پی اے ڈاکٹر خالد شفیع‘ سابق صدر پی پی اے پروفیسر اقبال میمن اور جنرل سیکرٹری پرائیوٹ اسپتال اینڈ کلینک ایسو سی ایشن ڈاکٹر سمیع احمد موجود تھے۔