ایران کا جوہری تنصیبات کی جاسوسی کرنے والا اسرائیلی ڈرون مارگرانے کا دعویٰ

Aug 25, 2014

مقبوضہ بیت المقدس/ تہران (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) ایران نے جوہری تنصیبات کی جاسوسی کرنے والا اسرائیلی ڈرون مارگرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ادھر اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ وہ بیرونی اطلاعات پر تبصرہ نہیں کرسکتے۔ اتوارکوایران کی خبر رساں ایجنسی نے بتایاکہ وسطی ایران میں نتانز کے علاقے میں ملک کی جوہری تنصیب کے پاس ایک اسرائیلی ڈرون کو مار گرایا گیا۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈرون اسٹیلتھ صلاحیت کا حامل تھا جسکا پتہ راڈار نہیں لگا سکے اور اسے ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے مار گرایا۔یہ ڈرون ایران کی جوہری کی تنصیبات کے قریب پرواز کر رہا تھا مگر اسے ان تنصیبات کے اوپر پہنچنے سے قبل زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کے ذریعے مار گرایا گیا۔ ادھر اسرائیل کی فوج نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ وہ بیرونی اطلاعات پر تبصرہ نہیں کر سکتے۔ ایران الزام لگاتا ہے مغربی ممالک اور اسرائیل اس کے جوہری پروگرام کو تباہ کرنا چاہتے ہیں جو تہران کے مطابق پرامن مقاصد کے لئے ہے۔ نتانز کی جوہری تنصیبات مرکزی ایران میں اصفہان شہر کے قریب واقع ہیں جہاں یورینیم کی افزودگی کی تنصیبات بھی واقع ہیں۔
ایران / دعویٰ

مزیدخبریں