قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں، کچھ ہوا تو رحمن ملک ذمہ دار ہوں گے: حنیف عباسی کی تھانے میں درخواست، ہتک عزت کا نوٹس بھیجیں گے: وزارت داخلہ

25 اگست 2011
اسلام آباد (ریڈیو مانیٹرنگ) مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ انہیں نامعلوم ٹیلی فون نمبروں سے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔ اسلام آباد تھانے میں ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست دی ہے اور کہا ہے کہ اگر انہیں کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دار وزیر داخلہ رحمن ملک ہوں گے۔ ادھر ترجمان وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ حنیف عباسی کے رحمن ملک پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور لغو ہیں۔ وزیر داخلہ یا ان کے عملے میں سے کسی نے انہیں کوئی دھمکی نہیں دی، وزارت داخلہ حنیف عباسی کو ہتک عزت کا نوٹس بھجوائے گی۔ ترجمان نے کہاکہ رحمن ملک نے نوٹس بھجوانے کی ہدایت کر دی ہے۔ دریں اثناءحنیف عباسی نے کہا ہے کہ میں نے ایف آئی آر درج کرانے کی درخواست حفظ ماتقدم کے طور پر دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایف آئی اے کو میرے کاروبار اور مالی پوزیشن جاننے کیلئے خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے۔ ہتک عزت کا نوٹس ضرور دیں باقی باتیں عدالت میں کھلیں گی۔
حنیف عباسی / رحمن ملک