لاہور میں موسلادھار بارش‘ نشیبی علاقے ڈوب گئے

25 اگست 2011
لاہور (خبرنگار+ سٹی رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں مسلسل دوسرے دن بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔ بدھ کو بارش کا سلسلہ صبح سے ہی شروع ہوگیا اور سکول جانیوالے طلبہ، دفاتر جانیوالے افراد کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش سے قذافی سٹیڈیم، سنٹر پوائنٹ،کلمہ چوک، لبرٹی،گلبرگ، وحدت روڈ اور فیروز پور روڈ پر پانی کھڑا ہوگیا۔ فیروز پور روڈ پر نئے اوور ہیڈ برج کے نیچے سڑکوں پر دو فٹ تک پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک جام ہوگئی۔ فیروز پور روڈ پر پانی کھڑا ہونے کے بارے جب کمشنر لاہور سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ نئے اوور ہیڈ برج کی تعمیر کے بعد یہ مسئلہ پیدا ہوا ہے اس کے حل کیلئے نئی ڈرین ستو کتلہ ڈرین تک بنائی جا رہی ہے جبکہ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔ دریں اثناء محکمہ موسمیات نے اگلے ایک ہفتہ میں ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کی پیشگوئی کی۔
بارش