خیبر پی کے : غیر ملکی سفارتکاروں کیلئے پندرہ کنٹونمنٹس بورڈ قبائلی علاقہ جات ممنوعہ قرار

25 اگست 2011
پشاور (آن لائن) وفاقی حکومت نے غیر ملکی سفارتکاروں کے لئے تمام قبائلی علاقہ جات اور خیبر پی کے کے پندرہ کنٹونمنٹس بورڈز کو ممنوعہ علاقہ قرار دیدیا ہے۔ ان علاقوں میں جانے کیلئے غیر ملکی سفارتکاروں کے لئے این او سی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزارت خارجہ نے چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز‘ ہوم سیکرٹریز‘ آئی جی اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا کو ممنوعہ مقامات کی تفصیلات ارسال کر دی ہے۔ واضح رہے کہ خیبر پی کے کے 25 میں سے پندرہ اضلاع میں کنٹونمنٹ بورڈز ہیں ممنوعہ علاقوں میں غیر ملکی سفارتکاروں کو آمدورفت کے لئے پانچ روز قبل وزارت خارجہ ‘ محکمہ داخلہ اور صوبائی حکومت کو آگاہ کرنا لازمی ہو گا۔ صوبائی حکومت اور فاٹا سیکرٹریٹ کو ارسال کردہ رپورٹ کے مطابق تمام قبائلی علاقہ جات غیر ملکی شہریوں کے لئے ممنوعہ قرار دئیے گئے ہیں۔
سفارتکار / پابندی