کراچی (رپورٹ شہزاد چغتائی) پیپلزپارٹی او رمتحدہ قومی موومنٹ کے درمیان حالیہ کشیدگی اور یوم سوگ کے باوجود دونوں جماعتوں کے درمیان افہام و تفہیم کے امکانات معدوم نہیں ہوئے ۔ متحدہ قومی موومنٹ نے حکومت میں شمولیت کے لئے بعض کڑی شرائط عائد کردیں جنہیں صدر آصف علی زرداری تسلیم کرنے کے لئے تیار ہیں سینٹ کے آئندہ الیکشن تک اتحاد کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے مطالبات کی منظوری کی راہ میں پیپلزپارٹی سندھ کے بعض رہنما مزاحم ہوگئے ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی حکومتوں کے بلدیاتی نظام کی سندھ اسمبلی سے منظوری حاصل کی جائے جس پر پیپلزپارٹی ہل کر رہ گئی ہے متحدہ قومی موومنٹ نے کراچی میں قتل کئے جانے والے 100 افراد کے قاتلوں کی گرفتاری پر بھی زور دیا ہے ۔ پیپلزپارٹی کے رہنما صدر پر زور دے رہے ہیں کہ متحدہ کے مطالبات تسلیم نہ کریں۔دریں اثنا مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق معلوم ہوا ہے کہ حکومت اور متحدہ میں نئے شراکتی فارمولے پر بات چیت ہو رہی ہے۔
متحدہ/ شرائط
متحدہ/ شرائط