صدر آصف علی زرداری نے سینیٹ کے انتخابات کے لیے قوانین میں ترامیم کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت ہرصوبے سے اقلیتوں کو نمائندگی دی جائے گی
سینیٹ الیکشن رولز میں ترامیم کے مسودے پر دستخط کرنے کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں صدر آصف علی زرداری نے ترامیم کی منظوری دی ۔ اٹھارویں ترمیم کے تحت ہرصوبے سے اقلیتوں کی سینیٹ میں ایک نشست مقرر کی گئی ہے، اس طرح ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اقلیتوں کو باضابطہ سینیٹ میں نمائندگی دی گئی ہے، ترامیم پر دستخط کرنے کی تقریب میں چیئرمین سینیٹ فاروق ایچ نائیک ، قائد ایوان نیر بخاری اور پیپلز پارٹی کے اراکین سینیٹ نے شرکت کی۔ اس سے قبل صدرمملکت سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نمائندے رئوف سوئیسال نے الوداعی ملاقات کی جنہوں نے حکومت پاکستان کے بھرپور تعاون پر صدر کا شکریہ ادا کیا ۔ دوسری جانب دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ صدر مملکت جلد بحرین اور تاجکستان کے دورے پر روانہ ہوں گے۔