پی سی بی کی نااہلی ....قومی ویمن ٹیم کراچی ائرپورٹ پر گیارہ گھنٹے خوار ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز روانہ ہو گئی

25 اگست 2011
لاہور/ کراچی (سپورٹس رپورٹر/مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم لاہور سے براستہ کراچی ویسٹ انڈیز روانہ ہوگئی۔ تاہم پی سی بی کی نااہلی کی وجہ سے خواتین کھلاڑی سفری دستاویزات نہ ہونے پر 11 گھنٹے تک کراچی ائرپورٹ پر خوار ہوتی رہیں۔ علامہ اقبال ائرپورٹ پر شائقین کرکٹ اور پی سی بی خواتین ونگ کی عہدیداروں نے انہیں الوداع کیا۔ ویسٹ انڈیز جانے والی چودہ رکنی ٹیم میں کپتان ثناءمیر جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں جویریہ ودود، نین عابدی، بسمعہ معروف، ندا ڈار، مرینہ اقبال، بتول فاطمہ، قانیتہ جلیل، اسماویہ اقبال، معصومہ جنید، سعدیہ یوسف، مریم حسن شاہ، کائنات امتیاز اور ربیعہ شامل ہیں۔ ٹیم کی مینجر عائشہ اشعر،کوچ منصور رانا، باﺅلنگ اینڈ فیلڈنگ کوچ محتشم رشید اور فزیو تھراپسٹ سومانیہ منیر ہوں گی۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز میں چار ون ڈے اور چار ٹی ٹونٹی میچ کھیلے گی ۔ ویسٹ انڈیز روانہ ہونے والی خواتین کھلاڑی اور کپتان ثناءمیر دورہ زمبابوے میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لئے بہت پُرعزم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران بھی ایشین گیمز جیسی کارکردگی دکھانے کی بھرپور کوشش کریں گی۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز آسان نہیں ہوگی لیکن ٹیم نے اچھی تیاری کی ہے امید ہے کہ جیت کر وطن واپس لوٹیں گے۔