پوزیشن ہولڈر طلبہ کی پذیرائی

25 اگست 2011
گذشتہ دنوں مک بھر سے میٹرک کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباءو طالبات میں انعامات کی تقسیم کے حوالے سے ایوان وزیراعلیٰ لاہور میں ایک پروقار تقریب زیرصدارت وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف منعقد ہوئی اس تقریب میں سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال صوبائی وزیر تعلیم میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن اراکین قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق، سائرہ افضل تارڑ، پرویز ملک ادارہ اخوت کے چیئرمین، ڈاکٹر امجد ثاقب، سیکرٹری ایجوکیشن سکولز پنجاب اسلم کمبوہ، لاہور بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر اکرم کاشمیری، سیکرٹری بورڈ مشتاق طاہر، فیصل آباد بورڈ کے چیئرمین سید ممتاز حسین شاہ لاہور کے ای ڈی او پرویز اختر، وزیراعلیٰ کے پریس سیکرٹری شعیب بن عزیز، ڈی جی پی آر اسلم ڈوگر، ممتاز دانشور اور کالم نگاروں اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں اس تقریب میں شرکت کی۔ یہ تقریب قومی یکجہتی کی علامت تھی سامعین سٹیج پر ”اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں“ کا بینر دیکھ کر بہت خوش ہوئے سٹیج سیکرٹری کے فرائض معروف کمپیئر اور ٹی وی کے نورالحسن نے بہت خوبصورت اور دلچسپ انداز میں ادا کئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے راقم سے اور دوسرے کالم نگاروں کے دست مبارک سے بھی پوزیشن ہولڈرز کو انعامات دلوائے ۔
وزیراعلیٰ کے خطاب سے قبل گوجرانوالہ بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی آمنہ ستار جس کے والد پکوڑے بیچنے کا کام کرتے ہیں اور راولپنڈی بورڈ سے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے محمد اویس جس کے والد جلدسازی کا کام کرتے ہیں، جب انہوں نے اپے والدین کو سٹیج پر بلایا تو وزیراعلیٰ سمیت پورے ہال نے کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ نے دونوں بچوں کے والدین کو گلے لگایا اور بچوں کی کارکردگی پر مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی تقریر بہت اچھی تھی۔ سامعین نے ان کی تقریر کو بہت پسند کیا جب انہوں نے اپنے خطاب میں یہ کہا کہ نوجوان نسل میں ملک کو سنوارنے اور اس کے مستقبل کو تابناک بنانے کے عزم کو دیکھ کر مجھے یقین ہو گیا ہے کہ وہ پاکستان کو صحیح معنوں میں قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کا پاکستان بنائیں گے۔ وہ ایسے پاکستان کےلئے آگے بڑھیں گے جہاں انصاف کا بول بالا اور ہر ایک کو مساوی حقوق حاصل ہوں اور کرپشن‘ لوٹ مار کا تصور بھی باقی نہ رہے۔ سیاستدان قوم کی امیدوں پر پورا نہیں اترے فوجی آمروں نے ملک کا بیڑا غرق اور اسے دولخت کیا۔ آج ہم ماہ مقدس میں عہد کرتے ہیں کہ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھیں گے اور مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کو عظیم سے عظیم تر بنائیں گے۔ اس پر سامعین نے بھرپور تالیاں بجائیں۔