اسلام آباد میں نویں تین روزہ بین الاقوامی صوفی کانفرنس اختتام پذیر

Apr 25, 2025

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )نویں تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس "مولانا رومی و حضرت سلطان باھو: انسان دوستی، امن و محبت اور رواداری کے پیامبر" کا اختتام ہو گیا۔ اس کانفرنس میں مقررین نے تصوف پر مختلف زبانوں میں تحقیقاتی مقالہ جات پیش کیے۔ پاکستان کے طول و عرض سے دانشوروں اور محققین کے ساتھ ساتھ برطانیہ، آذربائیجان، افغانستان، ایران، ترکی سمیت کئی ممالک سے بین الاقوامی مقررین نے شرکت کی اور مولانا رومی و حضرت سلطان باھو کی تعلیمات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔کانفرنس میں مجموعی طور پر 180 مقررین نے شرکت کی اور اپنی اپنی زبان میں مقالات پیش کیے۔ کانفرنس کے دوران افتتاحیہ اور اختتامی سیشنز کے علاوہ کل 30 سیشنز منعقد ہوئے، جن میں 20 اکیڈمک اور 10 ڈائیلاگ سیشنز شامل تھے۔اختتامی تقریب میں صوفیانہ کلام کا ایک خصوصی سیشن بھی منعقد کیا گیا، جس میں معروف صوفی سنگر راجہ حامد علی نے عارفانہ کلام پیش کیا۔اختتامی سیشن کی صدارت چیئرمین مسلم انسٹیٹیوٹ صاحبزادہ سلطان احمد علی نے کی، جبکہ دیگر نمایاں مقررین میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) طاہر محمد، ڈاکٹر تقی عابدی ، ندیم بھابھہ، ڈاکٹر نیاز اختر اور پروفیسر ڈاکٹر سلیم مظہر شامل تھے۔

مزیدخبریں