جنگی تیاری، ٹلہ رینجرز میں پاک فوج کی مشقیں، جدید ہتھیاروں، مہارتوں کے عملی مظاہرے

Apr 25, 2025

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) پاک فوج کی ٹلہ رینجز میں تربیتی مشقیں جاری ہیں، مشقوں میں جدید ہتھیاروں اور ٹیکٹکس  مہارتوں کے عملی مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ نے مشقوں کا معائنہ کیا اور افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی۔ کور کمانڈر لاہور نے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیت کو سراہا۔ ٹلہ رینجز میں پاک فوج کی سالانہ فیلڈ فائرنگ کی آپریشنل تیاریوں کے لیے مختلف یونٹس کی مشترکہ تربیت کے دوران مشقوں میں جدید ہتھیاروں اور ٹیکٹکس کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ مشقوں کا مقصد حقیقی جنگی ماحول میں تیاری کو جانچنا ہے تاکہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جاسکے۔ دوسری طرف پاکستان کی زیر قیادت کمبائنڈ ٹاسک فورس 151 کا فوکسڈ آپریشن ’سی سپرٹ‘ 21 اپریل کو شروع ہوا۔ میری ٹائم پیٹرول ایئر کرافٹ اور ہیلی کاپٹروں کی مدد سے اس آپریشن کا مقصد صومالی ساحل، خلیج عدن اور سوکوٹرا گیپ سے بحری قذاقی اور مسلح ڈکیتی کا مقابلہ کرنا ہے۔ مشترکہ آپریشنل سرگرمیوں میں بحری اثاثوں کی طرف سے انسداد بحری قذاقی کی مشقیں اور میری ٹائم پٹرول شامل ہیں جن میں جاپانی میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس، پاکستان بحریہ، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی، جمہوریہ کوریا کی بحریہ، EUNAVFOR Ops ATALANTA کے تحت ہسپانوی آرماڈا، جبوتی بحریہ، جبوتی کوسٹ گارڈ، اور ترکیہ نیول فورسز شامل ہیں۔

مزیدخبریں