لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان میں سگریٹ نوشی سمیت تمباکو کا بڑھتا استعمال قومی بحران کی شکل اختیار کرتا جارہا ہے، جس سے نہ صرف سالانہ ایک لاکھ 63 ہزار جانیں ضائع ہورہی ہیں بلکہ معیشت کو بھی6ارب ڈالر کا نقصان ہورہا ہے۔ یہ بات ’’سوشل پالیسی اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر‘‘ نے اپنی رپورٹ میں کہی۔ ایس پی ڈی سی پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ہے جو ریسرچ کے ذریعہ ملک میں سماجی ترقی کیلئے کام کررہا ہے۔ ادارے نے اپنی رپورٹ میں کہاتمباکو کا بڑھتا استعمال قوم کے مستقبل کیلئے خطرہ بنتا جارہا ہے، اگر اس کے معاشی نقصانات کو ہی دیکھا جائے تو 6ار ب ڈالر سالانہ کے نقصانات 2024 میں آئی ایم ایف کی 700 ملین ڈالر کی قسط سے9 گنا زائد بنتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ڈیٹا سے پتہ چلتا ہے کہ ہر 5 میں سے ایک بالغ یعنی تقریباً 3 کروڑ پاکستانی کسی نہ کسی صورت میں تمباکو کی لت میں مبتلا ہیں جن میں سے ایک کروڑ 70 لاکھ سگریٹ نوشی کرتے ہیں۔
سگریٹ نوشی ،تمباکو کا بڑھتا استعمال،سالانہ ایک لاکھ 63 ہزار جانیں ضائع
Apr 25, 2025