قومی کرکٹرز کی انگلینڈ میں پریکٹس، کاؤنٹی میچ پرسوں کھیلا جائے گا
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پاکستان کرکٹ ٹیم نے کینٹ کے بیکنہم گراونڈ میں تین گھنٹے کا بھرپور ٹریننگ سیشن کیا۔ انگلینڈ کے سابق اسپنر مونٹی پنیسر بھی پاکستان ٹیم کے ٹریننگ سیشن میں پہنچ گئے اور نیٹ پربائولنگ بھی کی۔پاکستان کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ میں پڑاو ڈال دیا ہے، ورلڈ کپ سے قبل گرین شرٹس کا انگلینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے، ایک ٹی ٹونٹی میچ میں مقابلہ ہے جس کی بھرپور تیاریوں کا آغا کر دیا گیا ہے۔پاکستان ٹیم نے کینٹ کے بیکنہم گراونڈ میںتین گھنٹے سیشن سے کیمپ کا آغازکیا۔مینجمنٹ کی جانب سے لیکچر کے بعد فزیکل ٹریننگ پر بھرپور توجہ دی، آل راونڈ عماد وسیم ٹریننگ کے دوران رننگ میں دشواری محسوس کرتے رہے۔ٹریننگ سیشن میں انگلینڈ کے سابق سپنر مونٹی پینسر بھی پہنچ گئے پہلے انہوں نے کھلاڑیوں سے گپ شپ کی اور پھر نیٹ پربائولنگ بھی کی۔کھلاڑیوں نے نسبتاً سرد موسم میں تین گھنٹے ٹریننگ سیشن کیا پاکستان ٹیم پرسوں27 اپریل کو کینٹ کے خلاف پریکٹس میچ کھیلے گی۔پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ پہنچنے کے بعد کینٹ کاؤنٹی میں پریکٹس سیشنز کا آغاز کرچکی ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم نے بدھ کے روز کینٹ کاؤنٹی گراؤنڈ میں ٹریننگ سیشن کیا جس میں سابق کپتان سینئر بلے باز محمد حفیظ نے کیچنگ پریکٹس کی۔ پی سی بی فزیو نے بھی محمد حفیظ کی کیچنگ پریکٹس پر نظر رکھی۔ محمد حفیظ کو دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کیلئے ٹیم میں شامل تو کیا گیا ہے مگر چیف سلیکٹر نے واضح اعلان کیا تھا کہ محمد حفیظ کی میگاایونٹ میں شرکت فنٹس سے مشروط ہے۔ تاہم اب محمد حفیظ نے کیچنگ پریکٹس کا آغاز کردیا ہے۔مڈل آرڈربلے باز بابر اعظم نے کہا ہے کہ اگر میں جارحانہ کرکٹ کھیلے بغیر نمبر ون بلے باز بن سکتا ہوں تو پھر مجھے پاور ہٹنگ کی ضرورت نہیں ہے۔ جب مجھے تیز کھیلنے کی ضرورت ہوتی ہے تو میں تیزی سے رنز بنانے کی کوشش کرتا ہوں۔ انہوں نے ٹیم میں اپنے رول کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میرا رول پورے اوورز کھیلنا ہے۔ میری کوشش ہوتی ہے کہ آخر تک کریز پر موجود رہوں اور اس طرح کی کرکٹ کھیلوں جس سے ٹیم کو فائدہ ہو۔واضح رہے پاکستان کے نوجوان بلے باز بابر اعظم ٹی ٹونٹی کی عالمی درجہ بندی میں بلے بازوں کی فہرست میں پہلے جبکہ ایک روزہ کرکٹ میں ساتویں نمبر پر موجود ہیں۔