چوری ڈکیتی کی بڑھتی وارداتوں کی روک تھام کیلئے پولیس اقدامات کرے: اعجاز احمد
ساہیوال(نمائندہ نوائے وقت ) مرکزی انجمن تاجران کے سرپرست اعلیٰ شیخ اعجا زاحمد رضا نے کہا ہے کہ پولیس افسران کو بڑھتی ہوئی چوری ڈکیتی کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے اعلیٰ اقدامات کی ضرورت ہے جدید اسلحہ سے لیس ڈاکو ڈکیتی بھی کرتے ہیں اور شہریوں پر تشدد بھی‘ اقدامات نہ اٹھائے گئے تو بڑے احتجاج کی کال دینگے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوںنے متاثرین سے ایک ملاقات میں کیا۔ انہوںنے کہاکہ دکانداروں کو گن پوائنٹ پر لوٹنا ڈاکوئوںکا ایک مشغلہ بن چکاہے۔ عوام کو تحفظ دینے والے ادارے خواب غفلت میں ہیں اورلوٹنے والے دندناتے پھر رہے ہیں اور انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ شیخ لیاقت، عبدالعزیز اور دیگر سے ہونے والی ڈکیتیوں کے ملزمان کو فوری گرفتارکرکے مسروقہ مال برآمد کیاجائے۔ ایک ہفتہ کے اندر ملزموںکو گرفتار نہ کیاگیا تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیاجائے گا ۔ ہم تاجروں، دکانداروں اور شہریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ اعلیٰ حکام نوٹس لیں۔ انہوںنے آج سے مختلف تنظیموں سے رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔