خالص دودھ کی فراہمی کیلئے لاہور میں خودکارمشینیں نصب کرنے کا فیصلہ
لاہور (نیوز رپورٹر) لاہور کے بازاروں میں خالص دودھ کی فراہمی کیلئے خود کار مشینیں نصب کی جائینگی،شہری ’’ملک اے ٹی ایم‘‘ میں کاغذ کے نوٹ یا سکے ڈال کر حسب ضرورت دودھ حاصل کر سکیں گے، پہلے مرحلے میں دودھ کی اے ٹی ایم مشینیں لاہور کے 8 ماڈل بازاروں میں نصب ہونگی، جبکہ ابتدائی طور پر اس کیلئے ماڈل ٹاؤن کے ماڈل بازار کا انتخاب کیا گیا ہے ، اس ملک اے ٹی ایم کا ٹرائل رن شروع ہو چکا ہے اور آئندہ ہفتے اسے عوام کیلئے آپریشنل کر دیا جائیگا،پنجاب لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کی جانب سے ’’پنجاب پیور ملک‘‘ کے نام سے شروع کئے گئے اس منصوبے کے ذریعے لاہورئیے ان مشینوں سے 75 روپے فی لیٹر خالص دودھ حاصل کر سکیں گے، یہ دودھ صرف ساہیوال کی گائے کا ہوگا جو خضر آباد فارم سے کسی قسم کی ملاوٹ کے بغیر لاہور پہنچے گا، دودھ کی پوری سپلائی چین میں چلر کا درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سنٹی گریڈ تک رکھا جائیگا، روزانہ صبح صادق کے وقت لاہور میں نصب فی ملک اے ٹی ایم میں 500 لیٹر دودھ ڈالا جائیگا ، جسے لاہورئیے مشین میں کاغذ کے نوٹ یا پھر سکے ڈال کر حسب ضرورت حاصل کر سکیں گے، مشین سے نکلنے والا دودھ خود بخود پاؤچ میں پیک ہو جائیگا جس کے اوپر پکی سیل بھی مشین کے ذریعے ہی لگ جائیگی تا کہ کچن میں پہنچنے تک اس میں کسی قسم کی ملاوٹ کا احتمال نہ رہے۔فی لیٹر دودھ میں فیٹ 4 فیصد، سوڈیم 0.057 فیصد، پروٹین 3.61 فیصد اور شوگر 4.9 فیصد فیصد ہوگی۔اس حوالے سے پاکستان لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر سائرہ افتخار نے ایگری کلچرل جرنلسٹس ایسوسی ایشن(آجا) کے اراکین کو اپنے دفتر میں خصوصی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں خالص دودھ کی دستیابی ایک بہت بڑا مسئلہ بن چکی ہے، اسی ماڈل پر اگر نجی کمپنیاں بھی میدان میں آ جائیں تو ان کی حوصلہ افزائی کرینگے۔