پاکستانی نژاد اطالوی شہری ثنا چیمہ کا قتل‘ مقدمہ والد‘ چچا‘ بھائی کیخلاف درج
گجرات (نامہ نگار+نوائے وقت) گجرات میں پاکستانی نژاد اطالوی شہری ثناء کے قتل میں پیش رفت ہوئی ہے۔ قتل کا مقدمہ والد‘ چچا اور بھائی کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔ آج پوسٹ مارٹم کیلئے قبرکشائی کی جائے گی۔ ثناء چیمہ کے قتل کے بعد خفیہ تدفین کی تصدیق ہو گئی۔ اطالوی میڈیا کے مطابق ثناء پسند کی شادی کرنا چاہتی تھی۔ غیرت کے نام پر قتل ہوا‘ پولیس نے ملزم گرفتار نہیں کیا۔ ستمبر میں اٹلی کی شہریت حاصل کرنے والی ثناء چیمہ 2ماہ قبل پاکستان آئی تھی۔ ایف آئی آر کے مطابق ابتدائی تفتیش میں 18اپریل کو لڑکی کے قتل اور خفیہ تدفین کی تصدیق ہوئی۔ گورکن نے کہا ہے کہ ثناء چیمہ کے ورثاء کو تدفین کی جلدی تھی۔ قبر کھودنے کیلئے 2 مزدور ساتھ لائے تھے۔ دوسری طرف اٹلی کے شہر بریشیا میں پاکستانی کمیونٹی نے ثناء کی پراسرار ہلاکت کیخلاف احتجاج کیا ہے۔ مظاہرین نے گجرات پولیس سے شفاف تفتیش کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستانی کمیونٹی نے ثناء چیمہ سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔ اطالوی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ پاکستان میں اطالوی سفارتخانہ ثناء چیمہ کیس کی تہہ تک پہنچنے کیلئے پرعزم ہے۔ اطالوی سفارتخانہ مقامی حکام کے ساتھ مکمل تعاون کیلئے تیار ہے۔ مقتولہ ثناء چیمہ کی قبرکشائی آج صبح 10بجے کوٹ فتح کے قبرستان میں سول جج لبنیٰ صغیر کی زیرنگرانی ہوگی۔ قبرستان میں تھانہ کنجاہ کے پولیس اہلکار بھی قبرستان میں تعینات کر دئیے گئے ہیں۔ 2002ء سے اٹلی کے شہر بریشیا میں رہائش پذیر تھی جوچار ماہ قبل 18جنوری 2018ء کوپاکستان واپس آئی اور 19اپریل 2018ء کو اس نے واپس جانے کیلئے ٹکٹ کروائی مگر اسکی زندگی کی سانسیں ہی کٹ گئیں۔ ڈی ایس پی صدرسرکل عرفان الحق سلہریا نے بتایا کہ ملزما ن کی گرفتاری کیلئے کوششیں کررہے ہیں اصل حقائق پوسٹمارٹم رپورٹ سے ہی سامنے آئیں گے ۔