عوامی خدمت کی بدولت مسلم لیگ ن مقبول ترین جماعت بن چکی ہے: پرویز ملک
لاہور (خصوصی رپورٹر)مسلم لیگ(ن)لاہور کے صدر محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) خدمت کی سیاست کی وجہ سے ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت بن چکی ہے، چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کسی ایک صوبے کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کیلئے عظیم الشان منصوبہ ہے۔
یہ سڑکیں اور پل بنانے کا منصوبہ نہیں بلکہ معاشروں، ملکوں، خطوں اور براعظموں کو جوڑنے کا منصوبہ ہے۔ سی پیک کو مستقبل کے ایسے عظیم الشان منصوبے میں ڈھلنا ہے جس سے پاکستان کے 22کروڑ عوام کو فائدہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پارٹی دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر رمضان صدیق بھٹی، سید توصیف شاہ، سینیٹر ڈاکٹر اسد اشرف، عامر خان، چوہدری عبدالمجید چن نمبردار، جاوید اقبال سمیت دیگر بھی موجود تھے۔