سعودی عرب : مزید 12 شعبوں میں غیرملکیوں کے کام کرنے پر پابندی عائد
ریاض (اے پی پی) سعودی عرب کے وزیر محنت و سماجی بہبود ڈاکٹر علی الغفیص نے کہا ہے کہ مزید 12پیشوں پر غیرملکی کام نہیں کرسکیں گے۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریاض میں وزیر محنت و سماجی بہبود ڈاکٹر علی الغفیص کی زیر صدارت 9 سرکاری اداروں کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں 12 پیشوں کی سعودائزیشن کا پروگرام تیار کیاگیا۔ اجلاس بنیادی طور پر سعودائزیشن کی رہنما کمیٹی کا تھا جس میں 12 سرکاری اداروں کو نمائندگی حاصل ہے۔ اس موقع پر نمائندوں نے واضح کیا کہ سرکاری اور نجی اداروں کے درمیان سٹرٹیجک شراکت کو مضبوط کیا جائے گا۔ نجی اداروں کے تعاون ہی سے سعودی مردو خواتین کو متعلقہ بارہ پیشوں پر تعینات کرانے کا اہتمام ہو گا۔ سعودائزیشن کی رہنما کمیٹی میں داخلہ بلدیات و دیہی امور اور تجارت و سرمایہ کاری کی وزارتوں ، سوشل انشورنس جنرل کارپوریشن، تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیت کے اعلیٰ ادارے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے اداروں کی کارپوریشن ، فروغ افرادی قوت فنڈ (ہدف) اور سماجی بہبود بینک کے نمائندے شریک تھے۔