کرپٹ سیاستدانوں کو ناک آئوٹ کرنے کیلئے عمران کی دعوت ،قبول کرتا ہوں عامر خان، باکسر کے ہاں دوسری بیٹی کی ولادت
لاہور، لندن (صباح نیوز)باکسر عامر خان نے عمران خان کی دعوت قبول کرتے ہوئے کرپٹ سیاستدانوں کو ناک آئوٹ کرنے کا ارادہ ظاہر کردیا۔سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ کا سہارا لیتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ ہاں!میں پاکستان میں کرپٹ سیاستدانوں کو ناک آئوٹ کرنا پسند کروں گا۔یاد رہے کہ نمل یونیورسٹی کیلئے فنڈز جمع کرنے کی خاطر لندن میں موجود چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ عامر خان آپ کو بلائوں گا اور چاہوں گا کہ ملک کے کرپٹ سیاستدانوں کو ایک ایک کرکے رنگ میں آپ کے حوالے کروں۔دوسری طرف عامر خان کے ہاں دوسری بیٹی کی ولادت ہوئی ہے عامر خان نے مداحوں کو دوسری بیٹی کی ولادت کی خبر سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر اپنی بیٹی کی تصویر شیئر کرکے دی۔عامر خان نے بتایا کہ انکے ہاں بیٹی علینا خان کی پیدائش ہوئی ہے جس کا وزن 8 پانڈ 3 اونس ہے۔عامر خان کو بیٹی کی پیدائش پر مداحوں کی جانب سے مبارکباد اور نیک تمنائوں کے پیغامات دیئے جا رہے ہیں۔ اس سے قبل عامر خان اور فریال مخدوم کے ہاں 2014ء میں بیٹی لمائسا خان کی پیدائش ہوئی تھی جو 4 سال کی ہو چکی ہے۔