نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی ایرانی عسکری حکا م سے ملاقاتیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایران کے دورہ پر گئے ہوئے پاکستان کے نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کمانڈر اسلامی انقلابی گار ڈ کورز ،ریئر ایڈمرل علی فدوی ، ایران آرمی کے ڈپٹی کمانڈروائس ایڈمرل حبیب اللہ سیّاری اور ایرانی بحریہ کے سربراہ ریئر ایڈمرل حسین خان زادی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں ۔ بحریہ کے پریس بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایرانی بحریہ کے سربراہ ریئر ایڈمرل حسین خان زادی سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول باہمی بحری تعاون اور بحرِ ہند کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے چھٹے انڈین نیول سمپوزیم میں شرکت کے لیے مدعو کرنے پر ریئر ایڈمرل حسین خان زادی کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں سربراہان نے پاکستان اور ایران کی بحری افواج کے مابین تربیت ، تکنیکی افرادی قوت اور مہارتوں کی فراہمی کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر بات چیت کی۔ ایرانی بحریہ کے سربراہ نے دونوں بحری افواج کے درمیان قریبی اور مضبوط بحری معاونت کی ضرورت اور اہمیت پر زور دیا ۔اسلامک ریوولیوشنیری گارڈ کور زکے سربراہ ریئر ایڈمرل علی فدوی اورایران آرمی کے ڈپٹی کمانڈروائس ایڈمرل حبیب اللہ سیّاری سے ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی اور دفاعی تعلقات کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ ایرانی حکام نے پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی نسبت کی بنیادوں پرقائم قریبی اور برادرانہ تعلقات کو سراہا۔