پاکستان کی معاشی ترقی میں کردار ادا کرتے رہیں گے‘ چینی نائب صدر
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چین کے نائب صدر وانگ قیشان نے کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان کی معاشی ترقی میں کردا ر ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ آصف سےگفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی جنہوں نے گزشتہ روز ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک چین تعلقات سمیت دیگرامورپرتبادلہ خیال ہوا۔ وزیر خارجہ نے حالیہ انتخاب میں کامیابی پر چین کے نائب صدر کو مبارکباد دی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ دونوں ملکوںکے مابین دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ سی پیک چینی صدر جن پنگ کے ایک پٹی ایک سڑک انیشیٹیو کا فلیگ شپ منصوبہ ہے،اور اس پر تیزی سے پیشرفت جاری ہے جبکہ کئی منصوبے یا تو مکمل ہو چکے ہیں یا تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران مختلف دو طرفہ، علاقائی و بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور پاکستان اور چین کے درمیان تمام امور پر سٹریٹجک کمیونیکشن جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ چین کے وزیر دفافنگ ہی وائے نے کہا ہے کہ ان کا ملک مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے پاکستان کے مؤقف کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ سرکاری بیان کے مطابق پاکستان کے وزیر دفاع خرم دستگیر کے ساتھ ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ چین پاکستان دفاعی تعاون دونوں ملکوں کے درمیان سدا بہار تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کا اہم ستون ہے جس کی بدولت خطے میں سٹرٹیجک توازن برقرار رکھنے میں مدد ملی۔ اس موقع پر خرم دستگیر نے دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے چین کے وزیر دفاع کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور بے گناہ کشمیریوں کے خلاف بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف وزیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔چین کے وزیر دفاع نے د ہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں مسلح افواج اور پاکستان کے عوام کی بے مثال قربانیوں کو سراہا۔ادھر خرم دستگیر نے بیجنگ میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے دفاع کے اجلاس کے موقع پر بیلاروس کے وزیر دفاع ریو کووف اینڈری سے بھی ملاقات کی۔فریقین نے دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ خرم دستگیر شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں شرکت کیلئے چین کے سرکاری دورے پر ہیں۔