قصور ،عدلیہ مخالف تقاریر، 17 ملزم جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے، مزید 11 گرفتار
لاہور ، قصور (اپنے نامہ نگار سے+ نمائندہ نوائے وقت) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے عدلیہ مخالف تقاریر کرنے والے 17 ملزموں کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ فاضل جج سجاد احمد نے قصور میں عدلیہ مخالف تقاریر اور مظاہرے کے کیس کی سماعت کی۔ پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزموں سے تفتیش کرنا باقی ہے۔ عدالت نے شکیل، فاروق، صفدر، لیاقت، محمود مسیح، وسیم مسیح، نعیم مسیح، اشفاق، عمران، جاوید، علی رضا، منظور، سردار، طارق، حمزہ کا 19 اپریل تک جسمانی ریمانڈ دے دیا۔ ملزموں نے قصور کے علاقہ مجسٹریٹ سے 19 اپریل کو ضمانتیں کرائیں تھیں۔دوسری طرف اداروں کیخلاف مخالف نعروں کے کیس میں قصور پولیس مزید 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ دیگرملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کے چھاپے جاری تاہم ایم این اور ایم پی اے، چیئرمین بلدیہ اور وائس چیئرمین تاحال روپوش ہیں۔