مقبوضہ کشمیر:ـبھارتی فوج نے آپریشن کے بہانے 4 نوجوان شہیدکردیئے ، جھڑپ ، افسرسمیت 3 اہلکار ہلاک
سری نگر (نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز) مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران 4کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز اور مسلح افراد کی جھڑپ میں سپیشل فورس کے افسر سمیت 3فوجی ہلاک ہو گئے۔ بھارتی مظالم کیخلاف وادی بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ قابض فوج نے بارہمولا میں سکول پر دھاوا بول کر 70طلبہ کو گرفتار کرلیا۔ سانحہ کھٹوعہ کیخلاف طلباء کا احتجاج جاری ہے، قابض فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں 30 زخمی ،80گرفتار کر لئے گئے۔ بھارتی فوج کی جانب سے طاقت کا بے دریغ استعمال، پیلٹ لگنے سے ایک نوجوان کی بینائی متاثر ہونے کا خدشہ، ڈگری کالج کھنہ بل میں فورسز اہلکاروں نے کالج میں گھس کر طلباء کو نشانہ بنایا۔ طلباء کے احتجاج میں دن بدن شدت آتی جا رہی ہے اور انتظامیہ مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گئی۔گزشتہ روز ضلع اننت ناگ کے لالچوک میں احتجاجی طلباء اور فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوا، چند نوجوانوں نے فورسز کی ایک گاڑی پر پتھرائو کیا، جس کے بعد فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ٹیر گیس اور پیلٹ کا استعمال کیا۔گورنمنٹ ڈگری کالج اننت ناگ میں بھی فورسز اور طلباء کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ وادی ’’بھارت مردہ باد‘‘ کے نعروں سے گونجتی رہی ۔ بارہمولہ میںگورنمنٹ بائز ہائر سکول کے طلباء نے احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل کر زبردست نعرے بازی کی۔ فورسز اور طالب علموں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں، جس کے بعد پولیس نے 80 طالب علموں کو گرفتار کیا ۔ اس دوران طلباء نے بھارت مردہ باد اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے اور سبز ہلالی پرچم بھی لہرا دیا۔ دختران ملت کی ترجمان نے پارٹی چیئرپرسن اور دوسرے ارکان کے خلاف جیل حکام کے غیر انسانی اور غیر قانونی سلوک کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ترجمان نے حکام کی طرف سے لگائے گئے الزام کی نفی کرتے ہوئے انہیں من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ اس طرح کے بے بنیاد الزامات سے حکام وقت کی بوکھلاہٹ ظاہر ہو رہی ہے۔ میرواعظ عمر فاروق نے اپنے ایک بیان میں بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ وادی میں سفاکانہ قوانین پر عملدرآمد بند کیا جائے۔ رواں ماہ کے آغاز سے اب تک بھارتی فوج کی بربریت 20سے زائد کشمیری شہید اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔