وزارت ماحولیاتی تبدیلی کے زیر اہتمام پائیدارترقی، ماحولیاتی تحفظ بارے نمائش
اسلام آباد(نوائے وقت نیوز)وزارت ماحولیاتی تبدیلی نے پائیدارترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے بارے میں ایک نمائش منعقد کروائی جوکہ پاک چائنا سینیٹر اسلام آبادمیں بی دیئرنامی آرگنائیزیشن کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔ اس نمائش میں دیئے گئے مرکزی موضوع پر پاکستان بھر سے آئے طلباء نے 50سے زائد پراجیکٹس پیش کیے ۔ اس کے علاوہ سٹالز پر ماحولیات اور پائیدار ترقی کے بارے میں کام کرنے والی مختلف تنظیموں نے بھی اپنے کام کی نمائش کی۔ اختتامی تقریب میں 3بہترین پراجیکٹس کا علان کیا گیا۔سٹیزن فاریسٹر کمپین گرین پاکستان پروگرام کے تحت گھر گھر ایک شجر کی تقسیم کے لیے رضاکارانہ طورپر کام کرنے والوں میں ایوارڈ اور اسناد تقسیم کی گئیں، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ان نوجوانوں کی صلاحیت اورتنوع و جدت پر مبنی آئیڈیا سے و اقعی بہت متاثر ہوا ہوں ۔ اس موقع پر بی دئیر کی عہدیدار مس مدیحہ نے نمائش کے اغراض و مقاصد کو اجاگر کیا ۔ ’’ گھر گھر ایک شجر‘‘ کی مہم کی انچارج ظل ہما نے بھی بتایا کہ اس مہم کا مقصد وزارت کی طرف سے ماحولیاتی تحفظ بارے آگاہی و پیغام دینا ہے ۔