دوست کو دیکھنے شیخوپورہ گیا تھا، پاکستانی فورسز نے اچھا سلوک کیا، بھارتی سکھ امرجیت امرتسر و اپس پہنچ گیا
لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان میں پراسرار طور پر گم ہونے والے سکھ یاتری 24 سالہ امرجیت سنگھ پاکستان سے ڈی پورٹ کئے جانے کے بعد گزشتہ روز واہگہ اٹاری بارڈر عبور کرکے اپنے ملک واپس پہنچا۔ امرجیت سنگھ امرتسر کے نواحی گائوں نرنجن پور کا رہائشی ہے پاکستان سے بحفاظت واپس آنے پر والدین اور گھر والوں نے امرجیت کو گلے لگا لیا۔ امرجیت نے صحافیوں کو بتایا کہ اسے کسی پاکستانی ایجنسی نے نہیں اٹھایا بلکہ وہ اپنے فیس بک فرینڈ عامر رزاق کو دیکھنے اور ملنے کیلئے چھپ کر شیخوپورہ اور سکیورٹی گارڈز کو دھوکہ دیکر گوردوارہ جنم استھان سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوا۔ امرجیت نے بتایا کہ رزاق سے اسکی دوستی ملائیشیا میں قیام کے دوران ہوئی جب اس نے گزشتہ ماہ رزاق سے پوچھا کہ شیخوپورہ لاہور سے کتنا دور ہے تو اس نے کہا کہ قریب ہی ہے بس پھر کیا تھا میں یاتریوں کے ساتھ جتھے میں شامل ہوکر ننکانہ صاحب پہنچا امرجیت نے بتایا کہ پاکستانی سکیورٹی حکام نے اس سے منفی نہیں بلکہ اچھا سلوک کیا اور واہگہ بارڈر پر بی ایس ایف کے سپرد کر دیا۔