ووٹ کے اندراج‘ اخراج کی تاریخ میں توسیع کر دی گئی
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018 کیلئے ابتدائی انتخابی فہرستوں میں رائے دہندگان کے ناموں کے اندراج و اخراج اور تصحیح کے عمل کے لئے دی گئی تاریخ میں تیس اپریل تک توسیع کر دی ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹرز اپنا نام نئے لسٹوں میں یقینی بنائیں کیونکہ الیکشن کمیشن تیس اپریل کے بعد انتخابی فہرستیں منجمد کر دے گا۔ الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں ڈسپلے مراکز قائم کر رکھے ہیں جہاں شہری اپنے ووٹ کا اندراج یا متعلقہ شکایات کا ازالہ کرا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ رائے دہندگان موبائل فون کے ذریعے اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر 8300 پر بھیج کر بھی اپنے ووٹ اور حلقے کے بارے میں تصدیق کرا سکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستیں ڈسپلے سینٹرز پر عوام کیلئے آویزاں کر دی گئیں ہیں۔ عوام یکم مئی سے قبل اپنے ووٹ کی درستگی کرلیں۔ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات تین ماہ کے لئے معطل کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔