نئے انتخابات کے نتیجہ میں پاکستان کی جمہوریت مستحکم ہو گی‘ برطانوی ہائی کمشنر
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے کہا کہ پاکستان میں 2018 ء انتخابات کا سال ہے۔ توقع ہے کہ نئے انتخابات کے نتیجے میں پاکستان میں جمہوریت مستحکم ہو گی۔ گزشتہ شام ملکہ برطانیہ کی 92 ویں سالگرہ کے سلسلے میں دیئے گئے استقبالیہ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان گزشتہ برس ستر برس کے سفارتی تعلقات کی سالگرہ منائی گئی۔ اس سالگرہ میں پاکستان اور برطانیہ دونوں ملکوں میں کئی تقریبات منعقد ہوئیں۔ پاکستان اور برطانیہ کے مستقبل کے تعلقات میں مزید وسعت پیدا ہو گی۔ اس وقت پاکستان میں دوتہائی آبادی 25 برس سے کم عمر کے افراد پر مشتمل ہے۔ یہ آبادی پاکستان کے لئے ایک بڑا سرمایہ ہے۔ برطانیہ پاکستان میں تعلیم پر سب سے زیادہ سرمایہ لگا رہا ہے۔ برٹش کونسل پاکستان میں ایک بڑا تعلیمی پروگرام چلا رہی ہے۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تجارتی تعلقات میں بھی وسعت پیدا ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی کرکٹ ٹیم برطانیہ اور آئرلینڈ کے دورے پر جا رہی ہے۔ اس دورے سے پاک برطانیہ مراسم میں مزید بہتری آئے گی۔ ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کے استقبالیہ میں وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک نے بھی اظہار خیال کیا۔