چیف جسٹس کے شعبہ تعلیم میں بہتری لانے کے ریمارکس قابل تحسین ہیں، محمد شفیق بھلوالیہ
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) پنجاب سکول ایجوکیشن سروس ٹیچر ایسوسی ایشن ( ایس ای ایس )کے قائدین محمد شفیق بھلوالیہ،ملک محمد خان اعوان اور چودھری محمد اسلم گجر نے چیف جسٹس آف پاکستان میں ثاقب نثار کے شعبہ تعلیم میں بہتری لانے کے ریمارکس کو قابل تحسین قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ ان سے پنجاب حکومت کے سلوگن پڑھو پنجاب بڑھوپنجاب کا بھانڈہ پھوٹ گیا ہے ۔تمام فرسودہ تعلیمی پالیسیاں بے نقاب ہوئی ہیں۔ جن سے نظام تعلیم کھوکھلا ہو رہا ہے ان قائدین نے کہا کہ اساتذہ تنظیمیں گزشتہ دو دہائیوں سے سراپا احتجاج ہیں کہ ایک منظم سازش کے تحت شعبہ تعلیم کا بیڑھ غرق کیا جارہا ہے اور آج یہی بات چیف جسٹس آف پاکستان نے بھی اپنے ریمارکس میں واضح کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ٹی ایس کی مد میں بیروزگار افراد سے کروڑوں روپے لوٹے گئے اور لوٹے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ ریٹائرڈ حوالداروں پرمشتمل مانیٹرنگ ٹیمیں بنا کر خزانے پر اضافی بوجھ ڈالا گیا ہے۔ جبکہ پہلے سے بھی مانیٹرنگ سسٹم موجود ہے جسے فعال کرنے کی ضرورت ہے ۔ تعلیم کو پرائیویٹ کر کے اقربا ء کو نوازا جارہا ہے۔