متحدہ مجلس عمل پنجاب نے راولپنڈی ڈویژن کے اضلاع کیلئے انتخابی شیڈول کا اعلان کردیا
راولپنڈی ( نوائے وقت رپورٹ ) متحدہ مجلس عمل صوبہ پنجاب نے راولپنڈی ڈویژن کے اضلاع کے لئے انتخابی شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ جس کے مطابق25 اور 26 اپریل کو اٹک ٗ اسلام آباد ٗراولپنڈی ٗ جہلم اور چکوال کی ضلعی تنظیموں کا انتخاب ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دینی جماعتوں کے ملک گیر اتحاد متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کی راولپنڈی ڈویژن کی آرگنائزنگ کمیٹی کا ایک خصوصی اجلاس جماعت اسلامی کے سیکرٹریٹ سید مودودیؒ بلڈنگ میں ڈویژنل آرگنائزر اور امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی رورل شمس الرحمان سواتی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں جمعیت علماء پاکستان کے طارق منیر بٹ ٗجمعیت علماء اسلام (ف) کے ڈاکٹر ضیا الرحمان ھمد زئی ٗ مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سید عتیقالرحمان شاہ اور اسلامی تحریک کے جعفر نقوی نے شرکت کی ہے۔شمس الرحمان سواتی نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کے دستور کے مطابق انتخاب اتفاق رائے سے کرایا جائے گا۔ تاہم اگر ایسا نہ ہوا تو پھر خفیہ رائے دہی سے فیصلہ کیا جائے گا۔ شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ متحدہ مجلس عمل ضلع اٹک کا انتخاب 24 اپریل ٗراولپنڈی اور اسلام آباد25 اپریل ٗجبکہ جہلم اور چکوال کی ضلعی تنظیم کا انتخاب 26 اپریل کو ہوگا۔ شمس الرحمان سواتی نے کہا کہ انتخاب ایم ایم اے میں شامل پانچ جماعتوں کی 20 رکنی کونسل کرے گی۔ ضلعی کونسل میں ہر جماعت کے چار چار نمائندے شامل ہوں گے۔