پی پی متوسط طبقہ کی جماعت ہے: کرشنا کماری
پنگریو(نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹرکرشناکماری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جو غریب اور متوسط طبقے کے افراد کو ملک کے اعلیٰ ایوانوں تک پہنچاتی ہے دیگر سیاسی جماعتوں میں نچلے طبقے کے افراد کو ایوانوں میں بھیجنے کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔ پنگریو میں پیپلز پارٹی کے دفتر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا تعلق غریب فیملی سے ہے مگر پیپلز پارٹی کی قیادت نے ملک کے سب سے اعلیٰ ایوان سینیٹ کاممبر منتخب کراکرثابت کردیا ہے کہ پیپلز پارٹی ذات پات اور مذہب سے بالاتر ہوکر سیاست کرتی ہے۔ سینیٹر کرشنا کماری نے کہا کہ وہ سندھ کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف سینیٹ میں بھرپور آواز اٹھائیں گی۔ اس موقع پرویرجی کولہی‘ محمد رمضان بھوئزیو‘ کامریڈ کرشن کولہی چنوںکولہی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔