اردو یونیورسٹی کو بسیں دی جائیں
مکرمی میں آپ کے اخبار کے توسط سے حکام بالا کی توجہ ایک اہم مسئلے کی طرف دلانا چاہتی ہوں۔ شہر کے بیچوں بیچ قائم وفاقی اردو یونیورسٹی شہر کی دوسری بڑی جامعہ ہے جس میں ہزاروں کی تعداد میں طلبہ شہر کے مختلف علاقوں اورمضافاتی بستیوں سے حصول علم کیلئے آتے ہیں‘ شہرمیں ہونے والے ترقیاتی کاموں‘ سڑکوں کی خستہ حالی‘ ٹریفک کے اژدھام اور یونیورسٹی کی اپنی ٹرانسپورٹ سروس نہ ہونے کے باعث طلبہ بروقت یونیورسٹی نہیں پہنچ پاتے اور ان کی کلاسیں مس ہوجاتی ہیں۔ میری ارباب اختیار سے گزارش ہے کہ جامعہ کراچی‘ این ای ڈی اور دوسری جامعات کی طرز پر ا گر پوائنٹ بسوں کی سہولت فراہم کردی جائے تو دور دراز سے آنے والے طلبہ بروقت یونیورسٹی پہنچ سکتے ہیں۔ (شگفتہ عمر‘ کراچی)