محمد عامر کو ویزا جاری کردیا گیا آج انگلینڈ روانہ ہو نگے
لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی ٹیم کے فاسٹ بالر محمد عامر کو برطانیہ کا ویزا جاری کردیا گیا ہے جس کے بعد وہ آج بدھ کو انگلینڈ روانہ ہو کر قومی ٹیم کو جوائن کریں گے۔قومی ٹیم دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے گزشتہ روز لندن پہنچ گئی لیکن ویزا مسائل کے سبب فاسٹ باؤلر عامر ٹیم کے ہمراہ روانہ نہیں ہو سکے تھے۔ ذرائع کے مطابق فاسٹ بائولر محمد عامر کی اہلیہ برطانوی شہریت کی حامل ہیں جس کی وجہ سے انہوں نے طویل المدتی ویزا کی درخواست پہلے سے دے رکھی تھی تاکہ وہ برطانوی پاسپورٹ حاصل کر سکیں۔تاہم اب فاسٹ باؤلر کو ویزا جاری کردیا گیا ہے جس کے بعد وہ آج بدھ کی صبح علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے انگلینڈ روانہ ہوں گے اور کینٹربری میں قومی ٹیم کو جوائن کریں گے۔