رواں ہفتے کے دوران گندم کی کٹائی کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، کراچی میں بھی موسم گرم ہے
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم آج رات مالاکنڈ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں ایک دو مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے. حیدرآباد، میر پورخاص، ملتان ڈویژن اور اس سے ملحقہ علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی بھی توقع ہے. رواں ہفتے کے دوران گندم کی کٹائی کے بیشتر میدانی علاقوں خصوصاً پنجاب میں موسم گرم اور خشک رہے گا. خشک موسم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کاشتکار حضرات گندم کی کٹائی کا سلسلہ مکمل کرلیں.
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں موسم گرم اور درجہ حرارت سینتیس سے انتالیس ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ آج دوپہر سمندر سے خشکی کی طرف ہوائیں چلنا شروع ہو جائیں گی. گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک اور گرم رہا جبکہ میرکھانی میں تین ملی میٹر بارش بھی ریکارڈ کی گئی. گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد اور چھور میں بیالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا.