اسلام آباد‘پنجاب ‘خیبر پی کے میں زلزلہ، افغانستان میں 13 ہلاک، متعدد زخمی
اسلام آباد + پشاور + لاہور + دہلی + کابل (آئی این پی + اے ایف پی) وفاقی دارالحکومت سمیت خیبر پی کے اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ عمارتوں سے باہر آکر کلمہ طیبہ اور استغفار کا ورد کرنے لگے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی اور زلزلے کا دورانیہ 44 سیکنڈ تک جاری رہا۔ زلزلے کی زیرزمین گہرائی 71 کلومیٹر تھی جبکہ زلزلے کا مرکز افغانستان کا جنوب مشرقی علاقہ تھا۔ مشرقی افغانستان میں زلزلے سے 13 افراد ہلاک، متعدد زخمی ہو گئے۔ زلزلے کے شدید جھٹکے 2:15 بجے آئے جس سے عوام میں شدید افراتفری مچ گئی۔ عوام خوف و ہراس کے باعث عمارتوں سے باہر نکل آئے اور دعائیں مانگنے لگے۔ خیبر پی کے میں پشاور سمیت خیبر ایجنسی، مہمند ایجنسی، باجوڑ ایجنسی، سوات، مینگورہ، شانگلہ، مالاکنڈ، کوہاٹ، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور چترال میں بھی جھٹکے محسوس کئے گئے جبکہ قلات میں زلزلے کے جھٹکوں سے کچی دیواریں گر گئیں۔ پنجاب میں لاہور سمیت پسرور، سرگودھا، میانوالی، قصور، پتوکی، جھنگ، بھکر میں بھی زلزلے کے جھٹکے آئے جس سے عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ ذرائع کے مطابق بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ دریں اثناءسرگودھا، خوشاب اور نواح میں زلزلے کے شدید جھٹکوں نے شہریوں کو ہلا کر رکھ دیا۔ افغانستان کے صوبے ننگرہار میں 6 افراد ہلاک، 75 زخمی ہوئے، کنڑ میں ایک شخص ہلاک ہوا اور کئی گھر تباہ ہو گئے۔ گوجرانوالہ میں زلزلے کے جھٹکوں سے کمزور عمارتوں کو معمولی نقصان پہنچا اور شہر میں ٹریفک کا نظام وقتی طور پر متاثر بھی ہوا۔