وزارت اطلاعات سے متعلق خفیہ فنڈز کیس کی سماعت آج ہو گی، 7سینئر صحافیوں نے فریق بننے کیلئے درخواستیں دیدیں
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) سپریم کورٹ میں وزارت اطلاعات و نشریات کے خفیہ فنڈز سے متعلق کیس کی سماعت آج ہو گی۔ 7سینئر صحافیوں نے بھی مقدمہ میں فریق بننے کیلئے درخواستیں دائر کر دی ہیں جن میں نوائے وقت گروپ کی ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر رمیزہ مجید نظامی، وقت نیوز کی سینئر اینکر فریحہ ادریس اور ایکسپریس نیوز کی سینئر اینکر منیزے جہانگیر کی طرف سے عاصمہ جہانگیر وکیل ہونگی جبکہ رﺅف کلاسرا، افتخار احمد اور رضا رومی کی طرف سے سلمان اکرم راجہ وکیل ہونگے۔ خبر ایجنسی ”ثنا نیوز“ کے ایڈیٹر انچیف شکیل احمد ترابی نے بھی فریق بننے کیلئے درخواست دائر کی ہے۔ درخواستوں میں مﺅقف اختیار کیا گیا ہے کہ خفیہ فنڈز سے متعلق رپورٹ غلط اور بدنیتی پر مبنی ہے۔ عدالت ہمارا مﺅقف سننے اور اس فہرست میں بدنیتی سے نام شامل کرانیوالوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ رمیزہ مجید نظامی، فریحہ ادریس اور منیزے جہانگیر نے وزارت اطلاعات کو ایک خط بھی تحریر کیا ہے جس میں وضاحت طلب کی گئی ہے کہ ان کا نام کیوں خفیہ فہرست میں شامل کیا گیا، وزارت اطلاعات کو اس پر معذرت کرنا چاہئے اور وہ اس حوالے سے قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتی ہیں۔