پیپلز پارٹی نے الیکشن میں امیدواروں کی نامزدگی کیلئے 5پالیمانی بورڈ بنادیئے

لاہور،اسلام آباد (نامہ نگار،نمائندہ خصوصی)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عام انتخابات میں قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے امیدوار نامزد کرنے کےلئے 5 صوبائی پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دئیے ۔یہ پارلیمانی بورڈز سندھ ، جنوبی پنجاب ، وسطی پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخواسے امیدواروں کا فیصلہ کریں گے۔مرکزی سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی نیئر حسین بخاری نے نوٹیفکیشنز جاری کر دئیے ۔16رکنی وسطی پنجاب پارلیمانی بورڈ میں راجہ پرویز اشرف،رانا فاروق سعید،حسن مرتضی،شہزاد سعید چیمہ، عامر فدا پراچہ، اورنگزیب بخاری، بیلم حسنین، اسلم گل، چوہدری منظور احمد، غلام فرید کاٹھیا، مخدوم فیصل صالح حیات، قمر زمان کائرہ، تسنیم احمد قریشی اور ثمینہ خالد گھرکی شامل ہیں۔پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے 6رکنی پارلیمانی بورڈ میں سید یوسف رضا گیلانی، مخدوم سید احمد محمود،نواب زادہ افتخار احمد خان،مخدوم شہاب الدین،نتاشہ دولتانہ اور شازیہ عابد شامل ہیں۔خیبر پختونخواکیلئے 14رکنی پارلیمانی بورڈ تشکیل دیا گیا ہے۔ سندھ کیلئے 30رکنی پارلیمانی بورڈ میں بنا دیا گیا۔قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری نے خیبر پی کے کی عوام سمیت پوری قوم کو یومِ ثقافت پشتون کی مبارک باد پیش کی ۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے پشتون ثقافت کے دن پر اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ پشتون کلچر پاکستان کے ثقافتی گلدستے میں خوبصورت پھول ہے، اور یہ ہمارا قومی ورثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتون ثقافت کی اساس محبت، مہمان نوازی اور فطرت سے پیار ہے۔ علاوہ ازیں پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری سے بلاول ہاوس لاہور میں اوکاڑہ سے سابق مشیر وزیراعلی میاں رشید بوٹی، حاصل پور سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر کامران خالد، چولستان سے ترکی میں ایجوکیشن اٹیچی ڈاکٹر مشتاق احمد نے ملاقات کی اور پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔