پنجاب میں ملازمتوں پر پابندی کا خاتمہ
پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں بھرتیوں پر عائد پابندی ختم کر دی۔ اس سلسلہ میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں خالی اسامیوں پر بھرتیوں کی اجازت دینے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گریڈ ایک سے چار تک کی درجہ چہارم کی پوسٹوں پر بھرتی کا اختیار وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے پاس رکھ لیا ہے اور درجہ چہارم کی 16 ہزار پوسٹوں پر تقرر کیلئے وزیراعلیٰ کے علاوہ ارکان پنجاب اسمبلی کو بھی اختیار ہوگا جبکہ گریڈ پانچ سے اوپر والی پوسٹوں کی منظوری کیلئے 14 ہزار سے زائد کیسز قائمہ کمیٹی کو بھجوائے جائیں گے۔ پنجاب حکومت پہلے فیز میں مجموعی طور پر 30 ہزار خالی اسامیوں پر بھرتی کریگی۔
اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ عوام کو غربت اور مہنگائی کی طرح بے روزگاری کے بھی گھمبیر مسائل کا سامنا ہے اور یہ مسائل بالخصوص پی ٹی آئی کے دور حکومت میں زیادہ بڑھے ہیں۔ آئین کے تحت تو شہریوں کو روزگار کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے مگر پی ٹی آئی دور میں وفاقی وزراء اور خود وزیراعظم کی جانب سے یہ باور کرایا جاتا رہا کہ ملازمتیں فراہم کرنا حکوت کا کام نہیں۔ اس دور میں نہ صرف ملازمتوں سے ہاتھ کھینچا گیا بلکہ مختلف محکموں میں ملازمتوں کو ختم کرکے بے روزگاری کے طوفان کے راستے کھول دیئے گئے جبکہ مختلف محکموں میں میرٹ کے تقاضوں کے برعکس من پسند افراد کو بھرتی کیا جاتا رہا۔ یہ حقیقت ہے کہ بے روزگاری کی وجہ سے بھی خط غربت کے نیچے لوگوں کی تعداد بڑھی اور خاندانوں کے خاندانوں کو سنگین اقتصادی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ خوش آئند صورتحال ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے صوبے کے عوام کو درپیش غربت اور بے روزگاری کے مسائل کا ادراک کرتے ہوئے ملازمتوں پر اپنی ہی عائد کردہ پابندی ختم کر دی ہے اور 30 ہزار خالی اسامیاں پہلے مرحلہ میں پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ملازمتوں کے حصول کیلئے جو پیرامیٹرز متعین کئے گئے ہیں اسکے تحت بغیر سفارش کے بے وسیلہ عام آدمی کیلئے میرٹ پر ملازمت کا حصول ناممکنات میں شامل نظر آرہا ہے جبکہ اس طریقہ کار کے تحت صرف من پسند افراد ہی تعینات ہو پائیں گے۔ ملازمتوں کی پالیسی تبھی عوام کیلئے سودمند ہو سکتی ہے جب خالصتاً میرٹ پر تقرر کو بنیاد بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ کو اس معاملہ پر سنجیدگی سے غور کرنا اور بے وسیلہ گھرانوں کے بے روزگار نوجوانوں اور خواتین کیلئے بغیر کسی سفارش کے ملازمتوں کے دروازے کھولنے چاہئیں۔