موسمی تبدیلیوں کے پیش نظر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی:صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ
صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے محکمہ اوقاف کے تمام دفاتر،درباروں اور مساجدا نتظامیہ کے افسران کو اپنی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے انسداد ڈینگی مہم تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی نصف ایمان کو اپنا موٹو بنا کر ہم ڈینگی وبا پر ہمیشہ کے لئے قابو پا سکتے ہیں۔اس سلسلے میں عوام کی کاوشیں رنگ لا سکتی ہیں اور ڈینگی لاروا کی افزائش پر کنٹرول پایا جا سکتا ہے۔ اس سلسلہ میں موسمی تبدیلیوں کے پیش نظر کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ صوبہ کے تمام ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے علاج کیلئے ادویات وافر مقدار میں موجود ہیں۔وزیراوقاف نے مزید کہاکہ ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی سے ہی ڈینگی لارواء کی تلفی کویقینی بنایاجاسکتاہے۔پنجاب میں تاحال ڈینگی قابومیں ہے۔سید سعید الحسن شاہ نے کہاکہ تمام محکمہ جات کو مل کرانسدادڈینگی مہم میں کرداراداکرناہوگا۔تمام اضلاع روزانہ کی بنیاد پر ڈیش بورڈ پر اعدادوشمار کو لازمی اپ ڈیٹ کیاکریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ڈینگی سے بچاؤ کیلئے عوام کیلئے مؤثرآگاہی مہم چلائی جارہی ہے۔حکومت پنجاب ڈینگی وباء پر مکمل قابوپانے کی کوشش کررہی ہے۔ عوام میں اس بات کا بھی شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ ڈینگی سرویلینس ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاو ن کریں تاکہ ڈینگی لاروے کے ٹھکانوں اور پرورش گاہوں کا فوری خاتمہ ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ عوام بھی خو د اپنے گھروں،دوکانوں اور دفاترکوصاف ستھرارکھیں۔