اسلام آباد: پاکستان میں 24 ممالک کے سفیر اور دفاعی اتاشی آج لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کریں گے۔
ایل او سی کے دورے میں بین الاقوامی اداروں کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔ اس موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی غیر ملکی سفیروں کو ایل او سی کی صورتحال پر بریفنگ بھی دیں گے۔
ایل او سی کے دورے میں آزربائیجان، بوسنیا، یورپی یونین اور پرتگال کے سفرا اور دفاعی اتاشی کے وفود شامل ہوں گے جبکہ سعودی عرب، جنوبی افریقہ، ترکی اور فلسطین کے سفرا بھی موجود ہوں گے۔
یونان، آسٹریلیا، ایران، کرغزستان، عراق، برطانوی، اٹلی، پولینڈ، ازبکستان، جرمنی، سویٹزرلینڈ، فرانس، مصر، لیبیا، یمن اور افغانستان کے سفیر بھی ایل او سی کا دورہ کریں گے۔
اس موقع پر عالمی ادارہ برائے خوراک کے نمائندے بھی ایل او سی کا دورہ کریں گے جبکہ سفیر اور دفاعی اتاشیوں کا وفد بھارتی فورسز کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لیں گے۔ سفرا کا وفد بھارتی فائرنگ سے متاثرہ افراد سے بھی ملاقات کریں گے۔