ناقص صفائی ، ایم ڈی سالڈ ویسٹ کمپنی کو ہٹانے کا حکم ، کام نہ کرنے والے کیخلاف ایکشن ہوگا: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی زیرصدارت لاہور کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے تین گھنٹے طویل اجلاس میں لائن آف ایکشن پر پیش رفت کا جا ئزہ لیا گیا۔ ہر محکمے نے ایک ماہ کے دوران مسائل کے حل کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور پاکستان کا دل ہے۔ لاہور کے مسائل کو سب کی مشاورت سے حل کرنے کی حکمت عملی بنائی ہے۔ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور تحریک انصاف کے عہدیداران کا اس ضمن میں کلیدی کردار ہوگا۔ تحریک انصاف کے منتخب نمائندوں اور عہدیداران کو اونر شپ دیں گے۔ لاہور شہر میں بسنے والوں کے مسائل کے حل کیلئے جو کچھ انسانی بس میں ہو کرگزریں گے۔ خالی باتوں اور پریزنٹیشن سے کام نہیں چلے گا، عملی طورپر کام کر کے دکھانا ہوگا۔ جو کام نہیں کرے گا اس کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ میں ہر ماہ دیئے گئے ہدف پر ہونے والی پیش رفت کا خود جائزہ لوں گا۔ لاہور شہرکیلئے میگاپراجیکٹس بھی شروع کیے جائیں گے۔ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ روزمرہ کے ایشوز کو انتظامیہ اورپولیس ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ عثمان بزدار نے شہر میں صفائی کی خراب صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی کو اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی اور صفائی کے نظام کو مستقل بنیادوں پر درست کیا جائے گا۔ لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن سے متعلق بھی بہت شکایت ہیں۔ کارپوریشن کے حکام اپنی کارکردگی بہتر بنائیں۔ منتخب نمائندے بھی فیلڈ میں نکلیں، عوامی مسائل کا خود جائزہ لیں اور وزیراعلیٰ آفس کو عوامی مسائل سے آگاہ کریں۔ عثمان بزدار نے عوامی مسائل کے حل کی مستقل مانیٹرنگ کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی - وزیر اعلی نے کہا کہ جو ٹاسک دیئے ہیں وہ ہر صورت پورے ہونے چاہئیں۔کوئی بہانہ بازی نہیں چلے گی۔ پارکنگ ایشوزکے حل،ٹریفک مینجمنٹ کی بہتری اور جرائم کے خاتمے کے حوالے سے ٹھوس اقدامات چاہتا ہوں۔ شہر میں گداگروں کے خلاف بھر پور مہم چلائی جائے۔ سڑکوں پر گداگرنظر نہیں آنے چاہئیں اورگدا گروں کو Beggar home میں رکھا جائے۔ منشیات کے عادی افراد کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید سختی کی جائے۔ عثمان بزدار نے لاہور شہر میں صفائی کی خراب صورتحال پر سخت برہمی کا اظہارکیا ہے۔ وزیر اعلی عثمان بزدارنے واضح ہدایات کے باوجود شہر میں صفائی کے انتظامات میں بہتری نہ لانے پر ایکشن لیتے ہوئے ایم ڈی لاہور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شاہ زیب حسنین کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ شہر میں کوڑا کرکٹ کو اٹھانا اور مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانا ایل ڈبلیو ایم سی کی ذمہ داری ہے لیکن واضح ہدایات کے باوجود زیرو ویسٹ آپریشن کو یقینی نہیں بنایا گیا۔ عثمان بزدار سرگودھا میں دربار سیال شریف گئے اور سجادہ نشین سیال شریف پیر حمید الدین سیالوی کے انتقال پر سوگوار خاندان سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ عثمان بزدار پیر حمید الدین سیالوی مرحوم کی قبر پر گئے اور فاتحہ خوانی کی۔